ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلورکے قریب اُلال میں آٹو رکشہ پر درخت گرگیا؛ آٹو پر سوار چھ لوگ بال بال محفوظ؛ آٹو کو نقصان

مینگلورکے قریب اُلال میں آٹو رکشہ پر درخت گرگیا؛ آٹو پر سوار چھ لوگ بال بال محفوظ؛ آٹو کو نقصان

Mon, 22 Apr 2019 21:05:44    S.O. News Service

مینگلور  22/اپریل (ایس او نیوز) قریبی علاقہ اُلال میں چلتے آٹو رکشہ پر اچانک آم کا درخت گرنے سے  آٹو کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا، البتہ رکشہ پر سوار چھ  لوگ بال بال بچ گئے۔

ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق  آٹو ڈرائیور اُمیش پجاری دو بچوں اور تین خواتین کو آٹو پر سوار کرکے  تلپاڈی سے سومیشور پارک جارہا تھا کہ کوٹیکر ٹاون پنچایت کے قریب اچانک ایک آم کا درخت جڑ سے اُکھڑ گیا۔ اُمیش نے  فوراً خطرے  کو بھانپتے ہوئے  کچھ   فاصلے پر ہی آٹو رکشہ کو روک دیا، اس کے باوجود درخت کی ایک ٹہنی آٹو پر گری، جس سے آٹو کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا ہے، مگر ڈرائیورسمیت آٹو پر سوار سبھی مسافر محفوظ رہ گئے۔

جس جگہ یہ حادثہ ہوا،قریب ہی ریلوے گیٹ بھی ہے اور  گیٹ جب بند رہتی ہے تو  ریلوے ٹریک کو کراس کرنے کے لئے یہاں سواریوں کی لمبی قطار لگ جاتی ہے، مگر خوش قسمتی سے درخت گرنے کے موقع پر گیٹ کھلی تھی جس کی وجہ سے راستے پر کوئی سواری نہیں تھی ورنہ حادثہ خطرناک رُخ اختیار کرسکتا تھا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی اُلال پولس اور  محکمہ الیکٹری سٹی کے حکام جائے وقوع پر پہنچ گئے اور درخت کو  راستے سے ہٹادیا ۔


Share: